ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں انہیں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کے مارچ میں سپریم لیڈر کا منصب سنبھالنے کے بعد سے ان کی عوامی سطح پر موجودگی انتہائی محدود رہی ہے۔ ان کے نام سے جاری ہونے والے پیغامات بھی زیادہ تر سرکاری میڈیا کے ذریعے پڑھ کر سنائے جاتے رہے ہیں۔
ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک گروپ سے گفتگو کرتے دیکھا گیا ہے۔ تاہم ویڈیو میں ریکارڈنگ کی تاریخ، مقام یا اس کے مقصد کے بارے میں کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
ایرانی میڈیا نے بھی اس فوٹیج کو حالیہ قرار دینے کے حوالے سے کوئی واضح تفصیل جاری نہیں کی۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت اور موجودہ سرگرمیوں سے متعلق بحث ایک بار پھر شروع ہوگئی ہے۔ بعض رپورٹس میں یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ویڈیو حالیہ جنگ سے پہلے ریکارڈ کی گئی ہو سکتی ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت کے بارے میں اس سے قبل بھی مختلف دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔ بعض رپورٹس میں انہیں حملوں کے دوران زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا، جبکہ ایرانی حکام نے مختلف مواقع پر ان کی صحت کو بہتر قرار دیا۔
رپورٹس کے مطابق نئے منصب پر فائز ہونے کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای کسی بڑے عوامی خطاب یا براہِ راست ٹی وی نشریات میں نمایاں طور پر نظر نہیں آئے۔
ان کی حالیہ ویڈیو اگرچہ ان کے بارے میں موجود سوالات کو کسی حد تک کم کرسکتی ہے، تاہم ویڈیو کی تاریخ اور مقام کی تصدیق نہ ہونے کے باعث ان کی موجودہ صورتحال سے متعلق کئی سوالات اب بھی برقرار ہیں۔







