عبداللہ طاہر قتل کیس: تین مبینہ شوٹرز کی شناخت، گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری

0

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کی تحقیقات میں پولیس نے اہم پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واردات میں مبینہ طور پر ملوث تین افراد کی شناخت کرلی گئی ہے، تاہم ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے جن افراد کی شناخت کی ہے ان میں ارسلان جٹ، سکندر اور ذیشان شامل ہیں۔ تحقیقات کے مطابق ارسلان جٹ مبینہ طور پر دونوں شوٹرز کو گاڑی میں لاہور لایا، جہاں سکندر اور ذیشان نے کلینک میں داخل ہو کر عبداللہ طاہر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد تینوں مبینہ ملزمان فرار ہو کر خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے کی جانب چلے گئے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی پولیس کی خصوصی ٹیم وزیرستان میں موجود ہے اور مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

تحقیقات میں ایک ٹک ٹاکر ماریہ کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی مذکورہ خاتون پر الزام ہے کہ اس نے عبداللہ طاہر کے ڈرائیور اصغر سے مبینہ طور پر رابطہ قائم کیا اور اس کے ذریعے عبداللہ طاہر کی نقل و حرکت سمیت دیگر معلومات حاصل کیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ معلومات بعد میں مبینہ شوٹرز تک پہنچائی گئیں۔ خاتون کی گرفتاری بھی تاحال عمل میں نہیں آسکی۔

دوسری جانب پولیس تفتیش میں عبداللہ طاہر کو نارووال میں ریت کے ٹھیکے سے متعلق مبینہ دھمکیوں کا معاملہ بھی زیرِ غور ہے۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم کو عبداللہ طاہر اور ذوالفقار مہیس سے متعلق ایک مبینہ دھمکی آمیز آڈیو ریکارڈنگ موصول ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق آڈیو میں علی حسن بٹ نامی شخص نے عبداللہ طاہر کے منیجر احمد اور ذوالفقار مہیس سے مبینہ طور پر نارووال میں ریت کا ٹھیکہ حاصل کرنے سے باز رہنے کا کہا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کال کرنے والے نے خود کو زمان عرف کوگی بٹ کا آدمی ظاہر کیا اور مبینہ طور پر سنگین نتائج کی دھمکی دی۔

پولیس کے مطابق آڈیو میں مبینہ طور پر بچوں کو بھی نقصان پہنچانے کی دھمکی دی گئی، تاہم اس ریکارڈنگ کے مندرجات اور اس میں موجود افراد کے کردار کی حتمی تصدیق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گی۔

ذرائع کے مطابق ذوالفقار مہیس، پی ٹی آئی رہنما سجاد مہیس کے بھائی ہیں، جبکہ سجاد مہیس اور عبداللہ طاہر کے درمیان سیاسی وابستگی کے باعث قریبی تعلقات بتائے جاتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات کے محرکات، مبینہ سہولت کاروں، دھمکیوں اور شوٹرز کے کردار سمیت تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نامزد ملزمان اور مبینہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں