گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر غیر معینہ مدت ہڑتال شروع

0

ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے پہیے روکنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے وفاقی اور سندھ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کے بعد آج 8 اگست سے غیر معینہ مدت کی ملک گیر ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان کے مطابق حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز کے دیرینہ مسائل کا کوئی قابلِ قبول حل سامنے نہیں آسکا، جس کے باعث ہڑتال کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جمعے کو وفاقی حکومت اور حکومت سندھ کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں بھی بے نتیجہ رہیں۔ ٹرانسپورٹرز نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومتی حکام ان کے مطالبات پر سنجیدہ پیش رفت نہیں کر رہے۔

مذاکرات میں وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر مواصلات، سیکریٹری مواصلات، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور آئی جی موٹروے سمیت متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

حکومت سندھ کی جانب سے کمشنر کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سیکریٹری ایکسائز، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈرائیونگ لائسنس کے متعلقہ حکام، پی ٹی اے اور آر ٹی اے کے نمائندے مذاکرات میں موجود تھے۔

گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر متعدد ملاقاتوں کے باوجود ٹرانسپورٹرز کو درپیش بنیادی مسائل حل نہیں کیے جا سکے۔

اتحاد کے مطابق ہڑتال کے دوران ملک بھر میں مال بردار ٹرک اور دیگر گڈز ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نہیں چلیں گے، جبکہ ہڑتال مطالبات پر مؤثر پیش رفت تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مطالبات پر فوری اور سنجیدہ مذاکرات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب ہڑتال کے باعث ملک میں اشیائے ضروریہ، صنعتی سامان اور دیگر مال کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے واضح کیا ہے کہ جب تک مطالبات کے حل کے لیے عملی پیش رفت نہیں ہوتی، ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں