خیبرپختونخوا میں مسلسل بارشوں سے 26 افراد جاں بحق، درجنوں مکانات متاثر

0

پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف میدانی اور پہاڑی اضلاع میں گزشتہ پانچ روز کے دوران ہونے والی شدید بارشوں نے جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔ بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات نے متعدد خاندانوں کو متاثر کیا، جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسلسل بارشوں اور مقامی سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 65 مکانات متاثر ہوئے۔ ان میں 41 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ 24 مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے، جس سے کئی خاندان بے گھر ہونے پر مجبور ہوئے۔

حکام کے مطابق متاثرہ اضلاع میں ایبٹ آباد، سوات، بونیر، خیبر، لوئر چترال، لوئر دیر، مانسہرہ، مردان، پشاور، شانگلہ، صوابی، اپر دیر اور اپر کوہستان شامل ہیں، جہاں مختلف نوعیت کے حادثات اور بارش سے متعلق نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ضرورت مند خاندانوں تک فوری مدد پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے، متاثرین کو بروقت مالی اور انسانی معاونت فراہم کی جائے، جبکہ ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر ہنگامی انتظامات کو ہر وقت فعال رکھا جائے۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، دریاؤں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں