خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل تعلیمی انقلاب کا آغاز، ہر بچے تک عالمی معیار کی تعلیم پہنچانے کا عزم

0

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت ڈیجیٹل تعلیمی اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تعلیمی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی کی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ایسے لاکھوں بچوں کو بھی تعلیم کے دائرے میں لانا ہے جو کسی وجہ سے اسکول نہیں جا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے دور افتادہ، پسماندہ اور تعلیمی سہولیات سے محروم علاقوں کے بچوں کو بھی عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ آئندہ دو برس کے دوران صوبے میں شرح خواندگی میں نمایاں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے پانچ ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جسے مستقبل میں تعلیمی اخراجات میں بڑی بچت اور بہتر نتائج کا ذریعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ **”پڑھو خیبرپختونخوا”** منصوبے کے تحت صوبے کا مکمل نصاب ڈیجیٹل شکل میں منتقل کیا جائے گا، تاکہ تمام درسی کتب طلبہ کو موبائل فون پر دستیاب ہوں۔ اس نظام کی خاص بات یہ ہوگی کہ طلبہ انٹرنیٹ کے بغیر بھی اپنی سہولت کے مطابق تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق ایک مرتبہ کی سرمایہ کاری سے سالانہ اربوں روپے کی بچت متوقع ہے، جبکہ صوبے میں موجود اسمارٹ فونز کو تعلیمی مقاصد کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ جدید سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کے پچاس سے زائد اسکولوں میں آن لائن تدریس کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ رواں ماہ کے اختتام تک پانچ سو اسکول ورچوئل لرننگ نظام سے منسلک کر دیے جائیں گے۔ منصوبے میں جدید ورچوئل سائنس لیبارٹریز اور مختلف عالمی زبانوں کی تدریس بھی شامل ہوگی۔

حکام نے مزید آگاہ کیا کہ مستقبل قریب میں چینی، کوریائی، فرانسیسی، عربی، ہسپانوی اور انگریزی زبانوں کی ورچوئل لیبز فعال کی جائیں گی، جبکہ اردو، انگریزی اور پشتو زبان میں بھی ڈیجیٹل تدریس دستیاب ہوگی۔ ورچوئل اسکول دو شفٹوں میں کام کریں گے تاکہ مختلف اوقات میں طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے میں آسانی ہو۔

بریفنگ کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام میں تدریس، امتحانات، اسائنمنٹس، حاضری، کارکردگی کی نگرانی اور تعلیمی ریکارڈ ایک ہی پلیٹ فارم پر موجود ہوگا۔ مصنوعی ذہانت اور اساتذہ کی مشترکہ معاونت سے ہر طالب علم کی استعداد اور تعلیمی ضروریات کے مطابق ذاتی نوعیت کی تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ لائیو کلاسز، ریکارڈ شدہ لیکچرز، ہوم ورک، امتحانات اور فوری تعلیمی رہنمائی بھی اسی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل اصلاحات نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بنائیں گی بلکہ بچیوں سمیت تمام طلبہ کو یکساں اور آسان تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی، جس سے خیبرپختونخوا میں تعلیم کے شعبے میں ایک نئی تبدیلی کی بنیاد رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں