گوجرانوالہ میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ہیلمٹ آگاہی مہم جاری

0

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر نارتھ تھری گوجرانوالہ میں موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے خصوصی آگاہی مہم جاری ہے۔

اس مہم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو چالان کرنے کے بجائے انہیں ہیلمٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ریجنل کمانڈر کی ہدایات پر سیکٹر کمانڈر نارتھ تھری شفیق الرحمان نے گوجرانوالہ ٹول پلازہ پر روڈ یوزرز سے ملاقات کی اور متعدد موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہنائے۔

اس موقع پر انہوں نے روڈ یوزرز کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال نہ صرف قانونی تقاضا ہے بلکہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے، کیونکہ حادثات کی صورت میں ہیلمٹ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی سلامتی کے لیے ہمیشہ ہیلمٹ پہن کر سفر کریں، جبکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ایسی آگاہی مہمات کا مقصد سڑکوں پر حادثات میں کمی لانا اور عوام میں محفوظ سفر کے شعور کو فروغ دینا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں