اوسلو: (ناروے) میں تحریکِ کشمیر ناروے کے زیرِ اہتمام بھارتی سفارتخانے کے باہر یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اظہارِ یکجہتی تقریب کی نقابت کے فرائض سینیئر رہنما تحریکِ کشمیر ناروے چودھری رفاقت علی صاحب نے انجام دیے۔
تلاوتِ قرآنِ پاک کی سعادت جناب چودھری مظہر حسین صاحب نے حاصل کی۔
اس موقع پر مختلف مذہبی سیاسی سماجی اور فلاحی تنظیموں کے رہنماؤں کے علاوہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں اور اوسلو و گردونواح سے کثیر تعداد میں کمیونٹی اراکین نے شرکت کی۔










مقررین میں سینیئر رہنما پاک ناروے فورم چودھری وسیم شہزاد معروف صاحب, تحریکِ کشمیر ناروے کے نائب صدر راجہ مقبول حسین صاحب، مسلم لیگ نون ناروے کے صدر شاہد تنویر بٹ صاحب, پیپلز پارٹی ناروے کے جنرل سیکرٹری شاہد اصغر صاحب, تحریکِ کشمیر یورپ کے جنرل سیکرٹری حافظ میاں محمد طیب صاحب, امتیاز احمد صاحب, خالد نذیر بٹ صاحب اور میڈیا ایڈوائزر تحریکِ کشمیر ناروے انعام الحق سیٹھی شامل تھے۔





مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کا دن ظلم و جبر کی تاریخ کا سیاہ باب ہے جب بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا, انہوں نے کہا کہ 78 سال گزر جانے کے باوجود کشمیری عوام کی قربانیاں حوصلہ اور عزم آج بھی آزادی و انصاف کی جدوجہد کی روشن مثال ہیں, تحریکِ کشمیر ناروے نے ہر فورم پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے اور کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا عزم دہرایا۔مقررین نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر اپنی خاموشی توڑے، کیونکہ آزادی کوئی جرم نہیں بلکہ ایک بنیادی انسانی حق ہے۔
پروگرام کے اختتام پر صدر تحریکِ کشمیر ناروے جناب سید شاہ حسین کاظمی نے شہداءِ مقبوضہ کشمیر، مظلوموں اور مجاہدین کے لیے اجتماعی دعا فرمائی۔
اللہ تعالیٰ کشمیری عوام کو جلد آزادی کا سورج دکھائے اور اُنکی قربانیوں کو قبول فرمائے۔تحریکِ کشمیر ناروے نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ ناروے میں بسنے والی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی ہمیشہ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ رہے گی۔اللہ ربّ العزت کشمیر کے مظلوموں کی مدد فرمائے۔آمین!
تحریر و رپورٹ: انعام الحق سیٹھی آف لالہ موسٰی









