ایمبیسی آف پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ میں کشمیر بلیک ڈے کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے کیا گیا جس کی صدارت سفیرِ پاکستان جناب بلال حئی نے کی۔

تقریب کا مقصد 27 اکتوبر 1947 کے اس المناک دن کی یاد تازہ کرنا تھا، جب بھارتی افواج نے ریاست جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر کے وہاں کے عوام سے ان کے بنیادی انسانی اور سیاسی حقوق سلب کیے۔

اس موقع پر مقررین نے نہ صرف کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا بلکہ عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
تقریب میں کشمیر کانسل سویڈن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد اور کیمونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی،
چیئرمین کشمیر کانسل سویڈن، چوہدری ظفر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا وہ دن ہے جو ہمیشہ ظلم، ناانصافی اور غیر قانونی قبضے کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ایک انسانی مسئلہ ہے، جسے صرف انصاف، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔
صدر کشمیر کانسل سویڈن، سردار تیمور عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے سویڈن میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے متحد رہیں اور ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز بنیں۔
سفیرِ پاکستان، جناب بلال حئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومتِ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
جنرل سیکرٹری کشمیر کانسل سویڈن، محمد اشتیاق خان نے کہا کہ سویڈن میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کشمیر کانسل سویڈن عالمی سطح پر اس جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔
تقریب کے اختتام پر کشمیر کے شہداء کے ایصالِ ثواب اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔











شرکائے تقریب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھیں گے، اور دنیا کو یاد دلاتے رہیں گے کہ کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔
تحریر: چودھری ظفراقبال







