0

قاضی فائز عیسی آئینی ترامیم سے براہ راست فائدہ اٹھا کر توسیع چاہتے ہیں، عمران خان

راولپنڈی: پانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ اور الیکشن کمشنر مل کر دھاندلی کررہے ہیں، الیکشن کمیشن گیند کراتا ہے اور قاضی فائز کیچ پکڑتا ہے، آئینی ترامیم سے قاضی فائز عیسی براہ راست فائدہ اٹھا کر مدت ملازمت میں توسیع چاہتا ہے۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو جلسے کو احتجاج میں بدل دیں گے، ہمیں لاہور میں ڈیڑھ سال سے جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا جمہوریت تباہ کرنے کا مطلب آزادی ختم کرنا ہوتا ہے، جلسہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے، سپریم کورٹ، جمہوریت اور آزادی کو بچانے کے لیے مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا مگر الیکشن سے پہلے بھی جلسہ نہیں کرنے دیا گیا اور اب بھی روکا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے اسلام آباد کا جلسہ کرنے کی گارنٹی دی تھی ہمیں پاکستان کا حوالہ دیا گیا جس پر ہم نے جلسہ ملتوی کیا مگر گارنٹی کے باوجود اسلام آباد کے جلسے میں کنٹینرز لگائے گئے اور رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، ہمیں جلسہ ختم کرنے کا وقت دے دیا گیا بتائیں دنیا میں کیا کبھی کسی نے جلسہ ختم کرنے کا وقت دیا ہے؟ اسلام آباد کے جلسے سے متعلق ہمارے ساتھ دھوکا کیا گیا۔

انہوں ںے کہا کہ لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے اگر جلسے کی اجازت نہ دی تو مینار پاکستان پر احتجاج کریں گے، ملک کی تاریخ میں پہلی حکومت ہے جو اتنی بے نقاب ہوئی ہے یہ جمہوریت کی تباہی کر رہے ہیں، مشرف کے مارشل لاء دور میں بھی ایسا نہیں تھا جو اب کیا جارہا ہے مشرف کا الیکشن ان کے مقابلے میں فری اینڈ فیئر تھا مشرف نے بھی میڈیا اور جلسوں پر پابندی نہیں لگائی تھی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قاضی فائز عیسیٰ اور چیف الیکشن کمشنر مل کر دھاندلی کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن بال کراتا ہے اور قاضی فائز کیچ پکڑتا ہے، ان کی جو بھی درخواستیں وہ سنی جارہی ہیں اور ہماری مسترد ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ایڈمنسٹریٹو عمل ہوتا ہے کمشنر پنڈی نے جو کہا وہ درست ثابت ہوا کمشنر کے بیان پر تفتیش تو ہونی چاہیے تھی یہ بھی ہوسکتا ہے وہ غلط ہو یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کمشنر کے بیان کی تحقیقات کے بجائے اسے غائب کردیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ آئینی ترامیم کا براہ راست بینفشری ہے وہ توسیع چاہتا ہے قاضی فائز عیسی الیکشن کا ہر کیس اپنے پاس لے لیتا ہے، قاضی کی بیوی نے میرے خلاف بیان دیا اسے تو ہمارے کیسز سے خود کو الگ کر لینا چاہیے تھا، آج لکیر کے ایک طرف جمہوریت، ووٹ کو عزت دینے والے اور دوسری طرف بوٹ کو عزت دینے والے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 8 فروری کے الیکشن میں ان کی ضمانتیں ضبط ہوئی تھیں، فراڈ کو کور کرنے کے لیے چار ایمپائرزکو ساتھ ملا کر یہ سب کیا جارہا ہے، جلسے سے روکا گیا تو مینار پاکستان پر پوری قوم احتجاج کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حمودالرحمان کمیشن رپورٹ کی بات اس لیے کرتا ہوں کیونکہ آج بھی ملک میں وہی حالات ہیں ملک کے یہ حالات مشرف اور ضیاء الحق کے دور میں بھی نہیں تھے اُس وقت بھی پورا مشرقی پاکستان مجیب کے ساتھ کھڑا تھا، یحیی خان نے اپنی ذات اور اقتدار کیلئے مجیب کے خلاف ایکشن لیا، 8 فروری کے الیکشن میں واضح ہو گیا تھا کہ قوم کہان کھڑی ہے، قوم ایک طرف کھڑی ہے اور چھوٹا سا صاحب اقتدار طبقہ جمہوریت اور سپریم کورٹ کو اپنے اقتدار کیلئے تباہ کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں