اوسلو: سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ کی قیادت میں آج بروز جمعۃ المبارک 16مئی سفارت خانہ پاکستان ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں افواج پاکستان کی بہادری و جرأت اور معرکہ حق کی شاندار کامیابی کے سلسلہ میں یوم تشکر کا انعقاد کیا گیا۔
اس پُر مسرت تقریب کا آغاز باقاعدہ قران مجید فرقان حمید کی تلاوت سےکیا گیا جس کا شرف اسلامک کلچرل سنٹر ناروے آلنہ کے امام و خطیب جناب استاد محترم چوہدری مولانا مفتی محمد عمران اسجد صاحب نے حاصل کیا۔
تلاوت کلام پاک کے بعد حضور اقدس صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں نظرانہ عقیدت جناب محترم عبدالمنان صاحب نے پیش کیا۔
آج کے اس شاندار پروگرام میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سفارتخانہ میں کمیونٹی کونسلر جناب محترم آصف حمید نے ادا کیے۔
آج کے اس پروگرام میں سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ نے قومی ترانے کے ساتھ پرچم کشائی کی خوبصورت رسم ادا کی۔
اس موقع پر بچوں نے بہترین انداز میں ملی نغمہ “ہر دل کی آواز پاکستان” پیش کیا جسے حاضرین محفل نے خوب پسند کیا اور دل کھول کر داد دی۔
اردو کے نامور شاعر جناب محترم ادریس لاہوری نے افواج پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خوبصورت نظم حاضرین محفل کی نظر کی۔
پروگرام میں جناب محترم کرنل طاہر ندیم نے شرکائے محفل سے اپنے خطاب میں کہا کہ الحمدللہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اس میں کوئی شبہ نہیں کہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت قربانی بہادری و جرأت جذبہ ایثار دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کی ضمانت ہے۔
محترم آصف حمید صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری دنیا جانتی ہےکہ ہم ایک پُرامن قوم ہیں لیکن جب ہمیں انڈیا کی طرف سے للکارا جاتا ہے تو پوری قوم جواب دیتی ہے، پوری قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
آج کے یوم تشکر کے حوالے سے حاضرین محفل سے اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے سیسہ پلائی دیوار (بنیان مرصوص)بن کے دشمن کا مقابلہ کیا جوقابل ستائش ہے،ہماری مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا یہ جیت پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ ہم اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں، یومِ تشکراُنہی ہیروز کے نام ہے جن کی قربانیوں سے ہم آج آزاد ہیں سلام اُن سپاہیوں کو جو ہر دن ہماری خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں پاک فوج قوم کی ڈھال، فخر و وقار ہے، قوم کے لیے ناقابل فراموش خدمات پر میں افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں ۔
آج کے یوم تشکر کے حوالے سے جماعت اہلسنت ناروے کے امام و خطیب جناب محترم سید نعمت علی شاہ بخاری صاحب نے اجتماعی دعا فرمائی۔
” اللہ رب العزت ہمارے ان جانباز سپاہیوں کی حفاظت فرما جو تیرے دین اسلام کی سربلندی اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کے لیے دشمنوں سے برسرپیکار ہیں، انکے حوصلے بلند فرما، انکے قدموں کو استقامت عطا فرما، افواج پاکستان کو ہر محاذ پر کامیابی اور کامرانی عطاء فرما، اللہ رب العزت ہمارے جتنے فوجی جوان اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں ان سب کو صحت کاملہ و عاجلہ مستعملہ اور ایمان و یقین والی زندگی عطا فرما، ہمارے جن شاہینوں نے مادر ملت کی آن بان اور شان کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں اللہ رب العزت ان سب کی شہادتوں کو اپنی بارگاہ الہی میں قبول و منظور فرما، الہ العالمین ہمارے ملک و قوم اور افواج پاکستان کی حفاظت فرما اسےظالموں فتنوں اور دشمنوں کے شر سے محفوظ فرما, ہمیں حق سچ عدل اور رحم پر قائم رکھ اور ہمارے دلوں میں ایمان,محبت اور بھائی چارہ پیدا فرما, امت مسلمہ کو ایک جسم کی طرح متحد فرما دے اور ہمیں ہر آزمائش میں صبر و استقامت عطا فرما, آمین!
اس تقریب میں ماشاءاللہ علمائے کرام مساجد اور فلاحی تنظیموں کے ذمہ داران مذہبی سماجی سیاسی افراد کے علاوہ خواتین اور بچوں ایک بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی فرمائی, میڈیا کے نمائندوں نے پروگرام کی سوشل میڈیا پر بھرپور کوریج کی جب کہ لائیو کوریج کی خدمات گلوبل ٹی وی ناروے اوسلو ریڈیو کے چیئرمین جناب محترم ارشد وحید چودھری اور نور پاک میڈیا کےعامر لطیف بٹ صاحب نے سرانجام دیں۔
آج کے اس خوبصورت پروگرام یوم تشکر کے اختتام پر سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ نے پروگرام میں تمام مہمانوں کی شرکت پر ان کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا,انہوں نے کہا اس وقت پوری دنیا میں پاکستانی جہاں جہاں بھی موجود ہیں سب کو معرکہ حق کی کامیابی پر میری طرف سے خصوصی مبارکباد!
پاکستان زندہ باد!
افواج پاکستان پائندہ باد !
تحریر و خصوصی رپورٹ: انعام الحق سیٹھی آف لالہ موسی