لاہور: نوازشریف اورآصف زرداری کی آج جاتی امرا میں ملاقات کا امکان ہے جس میں حکومت سازی کے لیے بات چیت کی جائے گی، دونوں جماعتوں کی جانب سے اپنے اپنے وزیراعظم کا نام دیے جانے کا بھی امکان ہے۔
آج جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات میں آصف زرداری کے ساتھ بلاول بھٹو زرداری بھی ہوں گے، جب کہ ن لیگ کی جانب سے مریم نواز، شہباز شریف اور اسحاق ڈار موجود ہوں گے۔
آصف زرداری اور بلاول اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں جو جلد لاہور روانہ ہوں گے، توقع ہے کہ ملاقات آج ہی ہوگی، ملاقات کے لیے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی سرگرم ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں کی جانب سے اپنے اپنے وزیراعظم کا نام دیا جارہا ہے، سربراہان فیصلہ کریں گے کہ کس جماعت کا صدر اور کس جماعت کا وزیراعظم ہوگا۔
اگر دونوں جماعتیں متفق نہیں ہوئیں تو آزاد امیدوار اپنی حکومت بنالیں گے جس کے خلاف لائحہ عمل طے کرنے کے لیے ہی آج دونوں جماعتیں جمع ہوں گی۔
اطلاعات ہیں کہ گزشتہ بات چیت کے حوالے سے اسحاق ڈار نواز شریف کو بریفنگ دے چکے ہیں اور یہ باتیں میڈیا پر سامنے نہیں آئی ہیں۔
دریں اثنا مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے انہیں ملاقات کی دعوت دی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان جلد لاہور آکر شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو پارٹی کے مرکزی قائدین کی تمام نشستوں پر فتح کی مبارکباد باد بھی دی ہے۔