ناگویا: جاپان سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان حجام اپنی عجیب و غریب انگلیوں کی وجہ سے وائرل ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کے شہر ناگویا سے تعلق رکھنے والے شوگو یوشیدا ایک جینیاتی بیماری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ان کی انگلیاں گیندوں کی طرح پھول چکی ہیں لیکن وہ اس جسمانی خرابی کو ایک اثاثہ میں تبدیل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
شوگو کو pachydermoperiostosis (پی ڈی پی) بیماری ہے جو کہ ایک غیر معمولی جینیاتی حالت ہے جس کی وجہ سے انگلیاں چھوٹی گیندوں کی طرح پھول جاتی ہے۔ تاہم شوگو نے اپنی انفرادیت پر شرمندہ ہونے کے بجائے اسے مثبت پہلو میں بدل لیا ہے۔
شوگو ایک دن حجام کے دکان پر گئے جہاں انگلیوں کی اہمیت و مہارت دیکھ کر انہوں نے حجامت کو ہی اپنی زندگی کا پیشہ بنانے کا فیصلہ کیا۔ شروع میں انہیں اپنی انگلیوں کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور آخر کار ان کی معذوری ان کی وجہ شہرت ثابت ہوئی۔ شوگو نے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر پوسٹ کرنا شروع کیں جس میں وہ اپنی انگلیوں سے لوگوں کے بالوں میں مساج کرتے ہوئے دیکھے گئے۔