0

رواں سال حج ادا کرنے والی شوبز شخصیات

مکہ مکرمہ: ہر سال کی طرح، اس بار بھی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی چند مشہور شخصیات حج ادا کررہی ہیں۔

حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک رُکن ہے، تمام مسلمانوں کو جو اس کی استطاعت رکھتے ہیں ان کو زندگی میں ایک بار حج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب مشہور شخصیات، حکمران اور عام لوگ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے سامنے متحد ہو کر کھڑے ہوتے ہیں۔

دیگر سالوں کی طرح اس سال بھی دُنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ایک بار پھر حج کے لیے جمع ہوئے ہیں جن میں شوبز شخصیات بھی شامل ہیں۔

یاسر نواز اور ندا یاسر:
پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و پروڈیوسر یاسر نواز اپنی اہلیہ و میزبان ندا کے ساتھ حج کی ادائیگی کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

اس حوالے سے ندا یاسر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ میں حج کے لیے روانہ ہورہی ہوں، مجھے اپنی دُعاؤں میں لازمی یاد رکھیے گا۔

ندا یاسر نے اپنے دوست احباب اور چاہنے والوں سے مزید کہا تھا کہ اس مبارک موقع پر، میرا پیچھلا کہا سُنا معاف کیجیے گا۔


ریما خان:
پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان بھی حج کے لیے مکہ پہنچ گئی ہیں، اُنہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ رواں سال حج کررہی ہیں۔


سدرہ اقبال:
معروف صحافی اور میزبان سدرہ اقبال نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے حج کی سعادت حاصل کرنے سے متعلق خوشخبری سُنائی تھی۔


ثنا خان:
اسلام کی خاطر بالی ووڈ چھوڑنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثنا خان بھی اپنے شوہر اور بہن کے ہمراہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔

اس حوالے سے ثنا خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پیغام جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے حج کے لیے منیٰ روانہ ہورہی ہیں۔

ثنا خان نے کہا تھا کہ اگر اُن کی وجہ سے کبھی بھی کسی کو ذہنی و جسمانی تکلیف پہنچی ہو تو وہ سب سے معافی مانگ رہی ہیں، اللہ تعالیٰ سب کو اجرِ عظیم عطا فرمائے، آمین۔

ثانیہ مرزا:
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ و بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی اس سال حج ادا کررہی ہیں جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی تھی۔

اس کے علاوہ، حال ہی میں ثانیہ مرزا کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ مکہ میں موجود تھیں، اُن کے ہمراہ ثنا خان اور اُن کی بہن بھی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں