0

ٹی20 ورلڈکپ: بھارت امریکا کو شکست دیکر سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا

نیویارک: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 25 ویں میچ میں بھارت نے امریکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے امریکا کا 111 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

امریکا کو شکست سے پاکستان کی سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں زندہ ہیں تاہم اس کے لئے امریکا کو اپنا اگلا میچ بھی ہارنا اور پاکستان کو اپنا اگلا میچ جیتنا ہوگا۔

دونوں ٹیمیں اپنا اپنا آخری میچ آئرلینڈ کیخلاف کھیلیں گی۔ امریکا اور آئر لینڈ کا میچ جمعہ کو جبکہ پاکستان اور آئر لینڈ کے درمیان میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

بھارت کی اننگز:

ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما صرف تین رنز اور اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، جبکہ رشب پنت 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سوریا کمار یادیو 50 رنز اور شیوم دوبے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت تک لے گئے۔

امریکا کی طرف سے سوربھ نیتراوالکر نے 2 اور علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

امریکا کی اننگز:

امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔نتیش کمار 27، اسٹیون ٹیلر 24، کورے اینڈرسن 15، ایرون جونز 11 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ہرمیت سنگھ 10، جسدیپ سنگھ 2، اینڈریس غوث 2 اور شایان جہانگیر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی طرف سے ارشدیپ سنگھ نے 4، ہارڈک پانڈیا نے 2 اور اکثر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں