امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ سبسکرائبر کی دوڑ میں بھارتی یوٹیوب چینل ٹی سیریز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پلیٹ فارم کا سب سے مقبول چینل بن گیا۔
26 کروڑ 90 لاکھ سے زائد سبسکرائبر رکھنے والے مسٹر بیسٹ (جس کا اصل نام جیمز ڈونلڈسن ہے) نے پہلے بار شہرت 2017 میں حاصل کی جب 40 گھنٹوں سے زیادہ کے دورانیے پر مبنی ویڈیو میں انہوں نے ایک لاکھ تک گنتی گنی۔ اس ویڈیو کو 3 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا۔
بعد ازاں اس ویڈیو کے اگلے حصے میں انہوں نے 55 گھنٹوں سے زیادہ کے دورانیے میں ایک لاکھ سے دو لاکھ تک گنتی کی ویڈیو جاری کی جس کو 38 لاکھ سے کچھ زیادہ بار دیکھا گیا۔
واضح رہے اس سے قبل بھارتی میوزک ویڈیو اور مووی ٹریلرز کے چینل ٹی سیریز نے مقبول ترین چینل ہونے کا اعزاز 2019 میں سوئیڈش چینل پیو ڈائی پائی سے حاصل کیا تھا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں مسٹر بیسٹ کہنا تھا ’چھ سال بعد بالآخر ہم نے پیو ڈائی پائی کا بدلہ لے لیا۔‘
خود کے گنتی کرنے کی ویڈیوز سے دلچسپی کم ہوجانے کے بعد مسٹر بیسٹ نے بڑے بجٹ کے مقابلوں سے شہرت پائی جس میں 2020 میں ہونے والی ’راک، پیپر، سیزر‘ ایونٹ کی لائیو اسٹریم شامل تھی۔ مقابلے میں ڈھائی لاکھ ڈالرز کا انعام رکھا گیا تھا۔