ممبئی: بالی ووڈ کی میگا اسٹار مادھوری ڈکشت کو رفح کے حق میں چلائی گئی مہم کا حصہ بننا مہنگا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشت نے ہالی ووڈ اسٹارز اور دیگر مشہور شخصیات کی طرح رفح پر اسرائیلی حملوں کے خلاف آن لائن چلائی جانے والی مہم کا حصہ بنتے ہوئے آل آئیز آن رفح کی تصویر شئیر کی۔ رفح سے متعلق پوسٹ پر سینئر اداکارہ کوسوشل میڈیا پر شدید تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد اداکارہ کو تصویر ہٹانا پڑی۔
مادھوری کے فینز نے ان کی جانب سے رفح سے متعلق پوسٹ ڈیلیٹ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا جبکہ کچھ نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے لیے بات کرنے پر شرمندہ نہیں ہونا چاہیے۔ بالی ووڈ کے کچھ دیگر اسٹارز نے بھی آل آئیز آن رفح کی تصویر اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔
رفح کی صورتحال کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کروانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ( اے آئی) سے ایک آنکھ کی تصویر تخلیق کی گئی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ جتنے زیادہ افراد اس تصویر کو شیئر کریں گے اتنی زیادہ آنکھیں یہ دیکھ سکیں گی کہ رفح میں کیا صورتحال ہے۔