ٹوکیو: جاپان میں ایک ٹرین کے اندر سے سانپ برآمد ہوگیا جس سے ٹرین میں موجود تمام مسافروں کو فوری طور پر ٹرین سے باہر نکالنا پڑگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ٹوکیو میں پیش آیا ہے۔ ملک کی ایسٹ جاپان ریل روڈ کمپنی نے بیان جاری کیا جس میں اس نے کہا کہ ٹرین کے ایک ڈبے میں سانپ نظر آنے کے بعد تقریباً 2700 مسافروں کو اتارا گیا جس کی وجہ سے انہیں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کمپنی نے کہا کہ ٹوکیو میں جے آر یامانوٹ لائن ٹرین کے ایک مسافر نے شیبویا اسٹیشن پر اہلکاروں کو ٹرین میں سانپ نظر آنے کی اطلاع دی۔ ٹرین کُل 11 بوگیوں پر مشتمل تھی جس میں سے مسافر کو 8ویں بوگی میں سانپ نظر آیا۔
ٹرین کو فوراً ہی کوماگوم اسٹیشن پر روک دیا گیا اور مسافروں کو باہر نکالا گیا تاکہ عملہ سانپ کو تلاش کر سکے تاہم سانپ کا پتہ نہیں چل سکا اور 15 منٹ کے بعد ٹرین کو گرین سگنل دے دیا گیا۔ تاہم مسافروں کو 8ویں بوگی میں جانے سے روک دیا گیا۔
ٹرین اپنے آخری اسٹاپ اوساکی اسٹیشن پر رُکی جہاں ٹرین کی دوبارہ تلاشی لی گئی۔ اس تلاشی میں اہلکار کو ایک سیٹ کے نیچے سے تقریباً 8 انچ کا سانپ چھپا بیٹھا ملا۔
سانپ کو پولیس کے حوالے کیا گیا جہاں اس کی شناخت غیرزہریلے ’Japanese Rat Snake‘ کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ سانپ کو جنگل میں چھوڑ دیا جائے گا۔ کمپنی نے واقعے کے نتیجے میں ہونے والے تاخیر پر مسافروں سے معذرت بھی کی۔