پاکستان کا بھارتی پروپیگنڈے کیخلاف عالمی مہم شروع کرنے کا فیصلہ، کمیٹی کی سربراہی بلاول کے سپرد

0

اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی پروپیگنڈے اور مذموم سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے سفارتی وفد بھیجنے کا فیصلہ کرلیا جس کے لیے بلاول بھٹو کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

وزیرِ اعظم نے بھارتی پروپیگنڈے اور مذموم سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے سفارتی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری حالیہ پاک بھارت تنازع کے پیش نظر وفد کے ہمراہ یورپ کا دورہ کریں گے اور بھارتی جارحیت سے عالمی برادری کو آگاہ کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم نے بلاول بھٹو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی، جس میں لیگی رہنما خرم دستگیر، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور جلیل عباس جیلانی شامل ہیں۔

کمیٹی میں ڈاکٹر مصدق ملک، انجینئیر خرم دستگیر، سینیٹر شیری رحمن، حنا ربانی کھر، فیصل سبزواری، تحمینہ جنجوعہ اور جلیل عباس جیلانی وفد میں شامل ہیں۔

اعلی سطح کا وفد بھارتی اشتعال انگیزیوں اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کا موقف اجاگر کرے گا۔ بلاول بھٹو کی سربراہی میں جانے والے وفد کے تمام اراکین سابق وزرائے خارجہ ہیں کمیٹی مختلف ممالک کا دورہ کرکے پاکستان کا موقف پیش کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے دیگر ممالک کو بھی وفود بھیجے جائیں گے۔

وفد لندن، واشنگٹن، پیرس اور برسلز میں خطے میں بھارت کے پراپیگنڈے اور خطے کے امن کو تباہ کرنے کی کوششوں کو بے نقاب کرے گا جبکہ پاکستان کی خطے میں امن قائم رکھنے کیلئے کوششوں کو اجاگر کرے گا۔

’عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی ذمہ داری قبول کرنے پر فخر ہے‘

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج وزیرِاعظم شہباز شریف نے مجھ سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ میں ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کروں اور دنیا میں پاکستان کا امن کا مؤقف پیش کروں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی ذمہ داری قبول کرنے پر فخر ہے اور میں ان مشکل حالات میں پاکستان کی خدمت کے لیے پرعزم ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں