ایپوہ: تیسویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے پاکستان کو شکست دے دی۔
دونوں ٹیموں کا میچ مقررہ وقت میں 2-2 گول سے برابر رہا جس کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹس پر میچ کا فیصلہ ہوا جس میں جاپان نے پاکستان کو 1-4 سے مات دے دی۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں پاکستان اور جاپان کے مابین فائنل میں آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ جاپان نے کھیل کے بارہویں منٹ میں سیرین تناکہ کے ذریعے گول کرکے برتری حاصل کی جو ہاف ٹایم تک برقرار رہی، 34 ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے اعجاز احمد نے فیلڈ گول اسکور کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا۔
عبدالرحمٰن نے 37 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے پاکستان کو برتری دلائی تاہم 47 ویں منٹ میں ماٹسوموٹو نے فیلڈ گول اسکور کرکے میچ 2-2 گول سے برابر کردیا۔
پینلٹی شوٹ آؤٹس مرحلہ میں پاکستان ٹیم کارکردگی نہ دکھا سکی۔ پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف، ارشد لیاقت گول نہ کرسکے، واحد گول عماد بٹ نے اسکور کیا۔
جاپان نے پینلٹی شوٹ آؤٹس 1-4 گول سے جیت کر ایونٹ کا اعزاز اپنے نام کرلیا، پاکستان ہاکی ٹیم ایونٹ کی سلور میڈلسٹ قرار پائی۔
یادرہے کہ پاکستان نے گزشتہ ایونٹ میں براؤنز میڈل حاصل کیا تھا۔ فائنل کے مین آف دی میچ کا ایوارڈ رانا وحید اشرف کے نام رہا، سفیان کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔