0

آئی پی ایل؛ لکھنؤ سپر جائنٹس کے اونر اپنی ہی فرنچائز کے کپتان پر برہم، ویڈیو وائرل

انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے 57ویں میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے اونر اپنی ہی فرنچائز کے کپتان پر برہم ہوگئے۔

گزشتہ روز سن رائزرز حیدرآباد نے اہم معرکے میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر پلے آف مرحلے تک کوالیفائی کرنے کے امکانات کو دھچکا پہنچایا ہے۔

میچ کے اختتام پر لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے اونر سنجیو گوئنکا ٹیم کے کپتان پر برہم دیکھائی دیئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

خراب فارم کے باعث ٹی20 ورلڈکپ اسکواڈ سے باہر ہونے والے بھارتی کرکٹر و لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہول شکست پر جھنجھلاہٹ کا شکار نظر آئے جبکہ فرنچائز اونر بھی کپتان سے نالاں تھے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سنجیو گوئنکا بدترین شکست پر کپتان کے ایل راہول کو ڈانٹ رہے ہیں جبکہ کپتان حوصلے سے انکی باتوں کو سن رہے ہیں۔

اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بناسکی تھی جبکہ سن رائزرز حیدرآباد نے ہدف محض 9.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان حاصل کرلیا۔

ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ نے برق رفتار 75 اور 89 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ شکست خوردہ ٹیم کے کپتان کے ایل راہول 33 گیندوں پر محض 29 رنز بناسکے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں