جنوبی کیرولائنا: امریکا میں گھوڑے کی ایک چھوٹی نسل نے سب سے لمبی دُم رکھنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والا ایک چھوٹے سے گھوڑے نے 5 فٹ، 11.26 انچ کی دُم سے سابق ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
گھوڑے کا خود کا قد 3 فٹ اور 1 انچ ہے جبکہ اسکی عمر 36 سال ہے۔ گھوڑے کی مالک خاتون، ریسا فارمیسانو نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کو بتایا کہ وہ سویٹی کی دم کو پلاسٹک مین لپیٹ لیتی تھیں تاکہ جب گھوڑا چلے تو وہ زمین پر نہ گھِسے۔
خاتون نے یہ بھی بتایا کہ وہ سال میں دو بار دُم کو شیمپو سے دھوتی ہیں اور کنڈیشن بھی کرتی ہیں۔ ریسا 2012 میں ایک گھوڑے کی موت کے بعد بقیہ دو گھوڑوں کی دلجوئی کیلئے سویٹی کو خرید کر لائی تھیں۔
ریسا نے بتایا کہ میں ایک آدمی کے اصطبل میں گئی تھی اور بہت سے گھوڑوں میں سے میں نے سویٹی کا انتخاب کیا۔ سویٹی کی دم پہلی بار 2012 میں زمین کو چھونے لگی تھی اور تب سے اب تک یہ بڑھ رہی ہے۔