0

چوتھا ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو مسلسل دوسری شکست

لاہور: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو مسلسل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے 178 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بناسکی۔

پاکستان کی طرف سے فخر زمان نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم انکے علاوہ کوئی بھی بلے باز کیوی بولرز کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا۔

افتخار احمد نے 23، صائم ایوب نے 20، عثمان خان نے 16، شاداب خان 7 اور بابر اعظم نے 5 رنز بنائے، عباس آفریدی ایک رن بناسکے۔

عماد وسیم 22 اور محمد عامر ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ کی طرف سے ولیم او روروک نے 3، بین سیئرز نے 2، مائیکل بریسویل اور جیمز نیشم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

کیوی ٹیم کی طرف سے ٹم رابنسن 51، ٹام بلینڈل 28، ڈین فاکس کرافٹ 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ مائیکل بریسویل نے 27 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی نے 3، محمد عامر، زمان خان، اسامہ میر اور افتخار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ عرفان نیازی کی جگہ عماد وسیم، محمد رضوان کی جگہ فخر زمان اور ابرار احمد کی جگہ اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بینچ پر بیٹھنے والے محمد عامر اور زمان خان بھی پلیئنگ الیون میں شامل تھے جبکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا۔

5 میچز پر مشتمل سیریز میں کیوی ٹیم کو 1-2 سے برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

سیریز کا پانچواں اور آخری میچ لاہور میں 27 اپریل کو شیڈول ہے۔

دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، عثمان خان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد عامر، زمان خان

نیوزی لینڈ: ٹام بلنڈیل (وکٹ کیپر)، ٹم رابنسن، ڈین فاکس کرافٹ، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، مائیکل بریسویل (کپتان)، جوش کلارکسن، ایش سودھی، جیکب ڈفی، بین سیئرز، ولیم او رورک

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں