پاکستان ویلفیئر یونین ناروے کے تعاون سے سفارتخانہ پاکستان نے آج سفارت خانے میں نارویجن اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین پر مبنی ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا
اس پروگرام میں پاکستان کے ضلع گجرات کے علاقے کھاریاں میں ایک چوک کا نام ناروے کے دار الحکومت کے نام سے منسوب کیا گیا جو کہ نارویجن پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد کی بنیاد اور دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کی پہچان ہے۔
اس خوبصورت پروگرام کے مہمان خصوصی ناروے کے وزیر صحت جان کرسچن ویسٹرےتھے جبکہ ریاستی سیکرٹری عثمان مشتاق Guest of Honor تھے۔

اس خوبصورت اجتماع میں ناروے کی پارلیمنٹ کے موجودہ اور سابق ممبران، سٹی کونسل،NGOs اور کاروباری اداروں کے نمائندگان سمیت ناروے کے مین اسٹریم میڈیا نمائندگان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر سفارت خانے میں حال ہی میں قائم کیے گئے نادرا کاؤنٹر کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا گیا جو اسکینڈینیویا میں مقیم پاکستانیوں کی دیرینہ شناختی/پی او سی کارڈ کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔

اپنے خطاب میں وزیر ویسترے نے دونوں ممالک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے تاریخی کردار کو سراہا اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے انضمام کے عمل میں درپیش چیلنجوں پر کامیابی سے قابو پایا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان اور ناروے کے درمیان ایک مضبوط پُل کی حیثیت سے سراہا۔ انہوں نے شرکاء کو پہلگام حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال سے آگاہ کیا، انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے کے نقصان دہ اثرات کو بھی اجاگر کیا جو پاکستان کی معیشت اور اس کے عوام کے لیے ایک لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔
بین الاقوامی قانون کے احترام کے لیے ناروے کی روایتی وکالت کی تعریف کرتے ہوئےانہوں نے بین الاقوامی برادری بالخصوص ناروے پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں عالمی نتائج کے پیش نظر کشیدگی سے باز رہنے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے۔