آذربائیجان کے وزیر صحت سے ملاقات، مصطفیٰ کمال کا صحت کے نئے شعبوں میں اشتراک پر زور

0

شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس کے دوران پاکستان کے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے آذربائیجان کے وزیر صحت سے ملاقات کی۔ آذربائیجان کے وزیر صحت نے مصطفیٰ کمال کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں وزراء نے صحت کے شعبے سمیت دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان صحت کے شعبے میں طویل المدتی اور خوشگوار تعاون کی ایک شاندار تاریخ موجود ہے جسے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان آذربائیجان کے تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ دونوں ممالک نے ڈیجیٹل ہیلتھ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا۔

مصطفیٰ کمال نے علاج معالجے کی مصنوعات، جن میں فارماسیوٹیکلز، بائیولوجیکلز، میڈیکل ڈیوائسز اور دیگر صحت کی مصنوعات شامل ہیں، کے میدان میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ معیاری دوا ساز مصنوعات کی دوطرفہ تجارت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں یہ بات بھی زیر غور آئی کہ پاکستان اور آذربائیجان مستقبل میں نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کر سکتے ہیں جن میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور خاص طور پر ٹیلی میڈیسن کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات شامل ہوں گے۔

پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی آذربائیجان کی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی اور مستقبل میں تعاون کی تفصیلات طے کرنے کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ دونوں ممالک ہیلتھ ٹورازم کے فروغ کے لیے بھی مل کر کام کر سکتے ہیں خاص طور پر آنکولوجی (کینسر کے علاج)، کارڈیالوجی (دل کے امراض) اور اعضا کی پیوندکاری جیسے اہم شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں