بھارت دہشت گردوں کو کینیڈا، امریکا اور ہمسایوں کو ایکسپورٹ نہ کرے اپنی اوقات میں رہے، خواجہ آصف

0

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے، بھارت کو مشورہ ہے کہ کسی بھی مس ایڈونچر سے باز رہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، ایسے میں بھارت خبردار رہے کہ اگر کسی جارحانہ اقدام کی کوشش کی گئی تو اس کا بھرپور اور دوٹوک جواب دیا جائے گا۔

وزیرِ دفاع نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان نہ صرف تیار ہے بلکہ “دو سو فیصد تیار” ہے کہ اگر بھارت نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو اسے اس کا سخت جواب ہی ملے گا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی بھارت کو فضائی حدود کی خلاف ورزی مہنگی پڑی تھی اور اس کی یادگار مثال بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری اور چائے نوشی کے بعد واپسی ہے۔

خواجہ آصف نے زور دے کر کہا کہ بھارت کشیدگی کو ہوا دینے کے بجائے احتیاط کا دامن تھامے۔ پہلگام حملے میں پاکستان کو مؤرد الزام ٹھہرانے کے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں بڑی تعداد میں مسلمان بھی جاں بحق ہوئے۔

وزیر دفاع نے بھارتی میڈیا پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہاں کی رپورٹنگ میں سنجیدگی کم اور فلمی رنگ زیادہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا دراصل بالی ووڈ سے متاثرہ ایک پروپیگنڈہ مشین ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کالعدم تنظیموں کو پاکستان کے اندر دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہا ہے، جو کہ دراصل بھارت ہی کی پراکسیز ہیں۔

مزید برآں برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت اگر جنگی جنون میں مبتلا ہوا تو نتیجہ دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان کھلی جنگ کی صورت میں نکل سکتا ہے، جس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس ممکنہ تصادم پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کیونکہ ایک غلط قدم بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔

وزیر دفاع نے ”ایکس“ (ٹویٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ جب آپ کشمیر میں لاکھوں کی آبادی کو برسوں تک محصور رکھیں، مستقل کرفیو نافذ ر کھیں، ان پر زندگی تنگ کر دیں، 9/10 لاکھ فوج مسلط کرکے پوری نسل کو یرغمال بنالیں، ظلم کی انتہا کر دیں تو مودی صاحب ”پھر اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دو ہی کام ہوسکتے ہیں یا تو یہ واردات آپ کی دہشت گردانہ ذہنیت کا کارنامہ ہے یا پھر ….، ظلم پھر ظلم بڑھتا ھے تو مٹ جاتا ہے، خون پھر خون ہے ٹپکے گا تو جم جائے گا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان پر الزام لگانے سے پہلے اپنی منجھی تھلے ڈانگ پھیرو، آپ کی نفرت کی سیاست منی پور، ناگا لینڈ، تری پورہ، چھتیس گڑھ، پنجاب، کشمیر اور بہت سے علاقوں میں ہے جو بھارت کے درجنوں ٹکڑے کردے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ محبت اور رواداری بانٹیں آپ گجرات کے نہیں ہندوستان کے وزیراعظم ہیں جو قومیتوں اور مذاہب کا مجموعہ ہے، ہندوتوا کا پرچار بھارت کے اتنے ٹکڑے کرے گا آپ سے گنتی بھی نہیں ہوگی، بھارت کے اندر بھی شانتی رکھیں اور ہمسایوں سے بھی شانتی سے رہیں، دہشت گردوں کو کینیڈا امریکا اور ہمسایوں کو ایکسپورٹ نہ کریں، اپنی اوقات میں رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں