0

یہ صرف نذرانہ ہے، فائرنگ کے بعد سلمان خان کو نئی دھمکی مل گئی

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے افراد کا تعلق گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ سے نکلا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 14 اپریل کو ممبئی میں سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے والے افراد کی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کا تعلق گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ سے ہے، ان افراد میں سے ایک کی شناخت وشال کے نام سے ہوئی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں افراد نے ٹوپیاں پہن رکھی تھیں اور بیگ اٹھائے ہوئے تھے۔ مزید برآں، کلپ میں انہیں سلمان خان کی رہائش گاہ کی طرف فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے قبل دونوں مشتبہ افراد نے سلمان خان کی رہائش گاہ کے آس پاس کے علاقے کا جائزہ لیا تھا جبکہ فائرنگ کے بعد دونوں افراد ممبئی چھوڑ کر جاچکے ہیں اور فی الحال فرار ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ابھی اداکار کو صرف نذرانہ پیش کیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ انمول بشنوئی نے سلمان خان کو دوبارہ بھی قتل کی دھمکی دی ہے۔

دوسری جانب مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ نے سلمان خان سے رابطہ کرکے اُنہیں مزید تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی پنجاب کے لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں