ممبئی: بالی وڈ انڈسٹری میں یہ خبریں گرم ہیں کہ ایکشن اسٹار سنجے دت سیاست کے میدان میں قدم رکھنے والے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی مختلف سائٹس کی طرف سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ سنجے دت لوک سبھا کا الیکشن لڑنے والے ہیں اور کانگریس انہیں بی جے پی کے مقابلے میں الیکشن لڑانے کا منصوبہ بنارہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں اداکار نے سیاسی میدان میں آنے کی تمام خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
اداکار نے لکھا کہ وہ سیاست میں آنے کی تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہیں، نہ وہ کسی پارٹی میں جارہے ہیں اور نہ وہ الیکشن لڑیں گے۔
انہوں نے لکھا کہ مداح ایسی جھوٹی خبروں کو نظر انداز کردیں اور اگر مستقبل میں انہوں نے سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا تو وہ اس کا اعلان خود کریں گے۔