0

میرے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش نہ کریں، عمران عباس سوشل میڈیا پیجز پر برس پڑے

اسلام آباد: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پیجز سے پوچھا ہے کہ آپ کے پاس رمضان کے مہینے میں بے بنیاد افواہیں پھیلانے کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں؟

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر عمران عباس کی ایک پوسٹ وائرل ہوئی تھی جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ کیا اُن لوگوں کا عُمرہ قبول ہوگا جو دوسروں کے پیسے لیکر بھاگے ہوئے ہیں اور خانہ کعبہ سے اپنی تصاویر پوسٹ کررہے ہیں۔

یہ پوسٹ جیسے ہی وائرل ہوئی تو سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی پروڈیوسر نے عمران عباس کے پیسے نہیں دیے اور اب انہی پیسوں سے وہ عُمرہ ادا کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جھوٹے دعووں سے تنگ آکر بالآخر عمران عباس نے بھی خاموشی توڑ دی، اداکار نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ یہ دیکھ کر بہت مایوسی ہوتی ہے کہ کس طرح کچھ لوگ ہمارے الفاظ کو توڑ مروڑ کر ایسے منظر ناموں کو گھڑتے ہیں جن کی حقیقت میں کوئی بنیاد نہیں ہوتی۔

عمران عباس نے پوچھا کہ کیا آپ کے پاس رمضان کے مہینے میں منفی اور بے بنیاد افواہوں کو پھیلانے کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں؟ کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ آپ کسی انسان پر ایسے کاموں کے جھوٹے الزام لگا رہے ہو جو اُس نے کبھی کیے ہی نہیں۔

اداکار نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ میری بھی میڈیا انڈسٹری سے باہر کی زندگی ہے اور میری پوسٹ میں جس فرد/کمپنی کا ذکر کیا گیا ہے، وہ یقینی طور پر اس شعبے سے منسلک نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ اس انڈسٹری میں کسی پروڈکشن ہاؤس یا پروڈیوسر نے میرے کوئی پیسے نہیں کھائے، میری خوش قسمتی ہے کہ میں نے ہمیشہ ایماندار پروڈیوسرز کے ساتھ کام کیا ہے، میری ادائیگیاں ہمیشہ کسی بھی شوٹنگ کے اختتام سے پہلے اچھی طرح سے طے پا جاتی ہیں۔

عمران عباس نے مزید کہا کہ یہ ناگوار بات ہے کہ سوشل میڈیا کے کچھ پیجز نے غلط طریقے سے میری پوسٹ کو کسی ایسے شخص سے جوڑ دیا جو بروقت ادائیگیوں کے لیے مشہور ہیں اور مجھے اپنی فیملی کی طرح سمجھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں معروف پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے اپنی فیملی کے ہمراہ عُمرے کی سعادت حاصل کی تھی، انہوں نے اپنی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھیں۔

عمران عباس کی عُمرے سے متعلق پوسٹ کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ اداکار نے یہ پوسٹ پروڈیوسر عبداللہ کادوانی کے لیے جاری کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں