ریاض: سعودی عرب میں آج 28 واں روزہ ہے اور عید ممکنہ طور پر ایک یا دو روز بعد ہوسکتی ہے جس کے لیے سعودی حکومت کا ایک اہم اعلان سامنے آیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 8 اپریل بروز پیر کو مغرب کے وقت سے عید کا چاند دیکھنے کی کوشش کرتے رہیں اور چاند نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر مقامی عدالتوں کو مطلع کریں۔
سعودی سپریم کورٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شریعت کے مطابق چاند کو انسانی آنکھ سے دیکھا جائے یا دوربین بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔
شہادتیں جمع ہونے کی صورت میں ہی عید ہونے کا اعلان کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کا آغاز 11 مارچ کو ہوا تھا اور ممکنہ طور پر یہ قمری مہینہ پورے 30 دن کا ہوگا اس طرح عید بدھ کے روز ہونے کا قوی امکان ہے۔
پاکستان میں چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11:21 بجے ہوگی اور اس کی عمر اگلے دن مغرب کی نماز کے قریب 19 سے 20 گھنٹے کے درمیان ہوگی اس لیے چاند 29 رمضان کو نظر آسکتا ہے اور پاکستان میں بھی عید سعودی عرب کے ساتھ بدھ کے روز ہوسکتی ہے۔