انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں ڈرافٹس کے دوران پک ہونے والے غلط کھلاڑی نے ہی بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا کی ٹیم پنجاب کنگز کو میچ جتوادیا۔
گزشتہ روز احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہوم ٹیم گجرات ٹائٹنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو 200 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پنجاب کنگز کا آغاز اچھا نہ تھا، کپتان شیکھر دھون ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ دیگر کھلاڑی بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تاہم پنجاب کنگز کے ششانک سنگھ نے 29 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو میچ جتوادیا۔
بالی ووڈ اداکارہ نے ششانک سنگھ کو ڈرافٹس کے دوران کھلاڑیوں کے ایک جیسے نام ہونے کی وجہ سے غیر ارادی طور پر پک کرلیا تھا۔ اس تقریب میں پریتی زنٹا نے کھلاڑی (ششانک سنگھ) کی نیلامی کیلئے پیڈل اٹھایا اور آرگنائزر نے پلئیر کے پنجاب کنگز میں شمولیت کا اعلان کردیا تاہم کنگز نے فیصلہ واپس لینے کا کہا تو میزبان نے انکار کردیا اور یوں کھلاڑی انکے اسکواڈ کا حصہ بن گیا۔
واقعہ آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلی بار پیش آیا تھا، جسکی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھی۔