اسلام آباد: پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ ہوگئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کی روشنی میں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد نوید خان نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے۔
عدالت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس کی سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہےکہ وارنٹ منسوخی کی درخواست راجہ ظہورِ الحسن ایڈووکیٹ کے ذریعے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا کہ وزیراعلیٰ کے پی نے کبھی جان بوجھ کر اس عدالت میں پیش نہ ہونے سے گریز نہیں کیا لیکن درخواست گزار انتخابی مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے استدعا کی کہ عدالتی احکامات کی حکم عدولی پر غیر مشروط معافی مانگتے ہیں اور درخواست ہے کہ 19 مارچ کو جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔