نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے ریاست مہاراشٹرا میں میونسپل کونسل کے سائن بورڈز پر اردو زبان کے استعمال کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ عدالت نے ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ اردو کو سائن بورڈ پر استعمال کرنا قانونی اور درست ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ سرکاری بورڈز پر صرف مراٹھی زبان لکھی جانی چاہیے، تاہم عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر علاقے میں اردو بولنے والے شہری موجود ہیں تو مراٹھی کے ساتھ اردو کا استعمال کوئی مسئلہ نہیں۔
سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے دوران سماعت کہا کہ اردو ایک موثر رابطے کی زبان ہے اور یہ بھارت کی اپنی زبان ہے۔ بینچ نے کہا: “اردو سے دوستی کریں، یہ نئی زبان نہیں، یہیں پیدا ہوئی، پلی بڑھی اور پروان چڑھی ہے۔”
یاد رہے کہ ایک خاتون نے میونسپل کونسل کے بورڈ پر مراٹھی کے ساتھ اردو کے استعمال کو چیلنج کیا تھا، جس پر ممبئی ہائیکورٹ نے اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ اب سپریم کورٹ نے بھی یہی فیصلہ برقرار رکھا ہے۔