کراچی: پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان نے نکاح سے پہلے اپنے شوہر سلیم کریم کے ساتھ فوٹو شوٹ نہ کروانے کی وجہ بتا دی۔
حال ہی میں ماہرہ خان نے آمنہ حیدر کو خصوصی انٹرویو دیا جہاں اُنہوں نے سلیم کریم کے ساتھ اپنی شادی پر کُھل کر بات چیت کی۔
ماہرہ خان نے کہا کہ میری والدہ کی خواہش تھی کہ شادی سے پہلے دُعائے خیر کی جائے، جس دن میری دُعائے خیر ہوئی، اُسی رات دوستوں نے گھر میں مایوں کی تقریب منعقد کی تھی اور مایوں کے بعد میرے گھر میں روزانہ ہی ڈھولکی اور ڈانس پارٹیز ہوتی تھیں۔
اداکارہ نے کہا کہ میرے بچپن کے دوست، کزنز، سلیم اور میرے خاندان والوں نے اکٹھے خوب انجوائے کیا تھا، ہماری شادی کے وہ لمحات بہت خاص تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ پھر ہمارے نکاح کا دن آیا، اُس دن سب ہی لوگ خوش بھی تھے اور رخصتی کے وقت آبدیدہ بھی تھے، میرے فیملی سے لیکر تقریب کے ویٹرز اور انگریز ڈی جے تک ہر ایک کی آنکھیں نم تھیں۔
ماہرہ خان نے اپنے وائرل فوٹوشوٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ عموماََ شادیوں میں دولہا دلہن نکاح سے پہلے ہی اپنا فوٹو شوٹ کروالیتے ہیں لیکن میں نے نکاح سے پہلے سلیم کے ساتھ فوٹو شوٹ کروانے سے انکار کردیا تھا کیونکہ میں چاہتی تھی کہ نکاح نامے پر دستخط کے بعد ہی سلیم مجھے پہلی بار دلہن کے جوڑے میں دیکھیں اور پھر ہمارا فوٹو شوٹ ہو۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے اور سلیم نے پہاڑوں پر جاکر اپنا فوٹو شوٹ کروایا تھا، ہم دونوں پہاڑ کے کنارے پر کھڑے ہو گئے تھے جبکہ گھونگھٹ کے ساتھ تصاویر لینا میری خواہش تھی۔
اُنہوں نے سلیم کریم کے ٹائیکون ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سلیم 66 برس کے ٹائیکون نہیں ہیں، وہ تو ٹائیکون بننے کے قریب بھی نہیں ہیں لیکن انشااللہ! ایک دن وہ ٹائیکون بن جائیں گے۔
ماہرہ خان نے مزید کہا کہ سلیم کریم کے ساتھ شادی کرنا میری زندگی کا ٹرننگ پوائنٹ ہے۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اکتوبر 2023 میں اپنے دوست سلیم کریم سے دوسری شادی کی، اداکارہ نے پہلی شادی 2007 میں علی عسکری کے ساتھ کی تھی جن سے اداکارہ کا ایک بیٹا اذلان ہے تاہم شادی کے 8 سال بعد 2015 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔