نئی دہلی: دُنیا بھر میں مشہور بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کی خفیہ شادی کی وائرل تصویر کے پیچھے کی حقیقت سے پردہ اُٹھ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں سے گلوکار دلجیت دوسانجھ کی خفیہ شادی کی خبریں گردش کررہی ہیں، یہ سب اس وقت شروع ہوا جب بالی ووڈ اداکارہ کیارا اڈوانی کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں اُنہوں نے دلجیت کے بیٹے کا حوالہ دیا تھا، جس کے بعد سے گلوکار کی خفیہ شادی کی شادی کی خبر نے ہلچل مچائی ہوئی ہے۔
مختلف رپورٹس میں ب تایا گیا کہ دلجیت دوسانجھ نے بھارتی پنجابی گلوکارہ نشا بانو سے خفیہ شادی کی ہوئی ہے اور اس جوڑی کا ایک بیٹا بھی ہے، اس خبر کے ساتھ دونوں گلوکاروں کی ایک تصویر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں نشا بانو دلہن بنی ہوئی ہیں۔
اگرچہ دلجیت دوسانجھ نے ان افواہوں پر کوئی توجہ نہیں دی ہے لیکن وائرل ہونے والی شادی کی تصویر پر گلوکارہ نشا بانو نے وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔
نشا بانو نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اور دلجیت دوسانجھ کی وہی وائرل تصویر پوسٹ کی جس میں وہ دلہن کے لباس میں ملبوس تھیں۔
گلوکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ کوئی مجھ سے بھی حقیقت پوچھ لے، میڈیا والوں نے مجھے کسی کی بیوی بنا دیا ہے، یہ خبر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور لوگ مجھے ویڈیوز اور تصاویر میں ٹیگ کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے بالی ووڈ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میرے پنجابی مداحوں کو اچھی طرح سے معلوم ہے کہ میں سمیر ماہی کی بیوی ہوں لیکن بالی ووڈ کو یہ کون سمجھائے گا؟