0

غزہ میں جنگ بندی؛ مصر میں امریکی وزیرخارجہ کی عرب وزرا سے ملاقات

قاہرہ: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ کی صورت حال پر بات چیت کے لیے خلیجی ممالک کے دورے پر مصر پہنچے جہاں 5 عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی۔

عرب میڈیا کے مطابق قاہرہ میں ہونے والے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سمیت مصر، سعودی عرب، قطر، اور اردن کے وزرائے خارجہ کے علاوہ امارات کے وزیر برائے بین الاقوامی تعاون اور فلسطین کے سویلین امور کے وزیر موجود تھے۔

مصر کی وزارت خارجہ کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزرائے خارجہ نے غزہ میں مکمل اور فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے اسرائیل اور غزہ کے درمیان تمام گزرگاہوں کو امدادی سامان تک متاثرین کی رسائی کے لیے بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس اجلاس کے شرکا کے ساتھ غزہ جنگ سے متعلق فلسطین کے ایک عہدے دار نے بھی ملاقات کی۔ اس اجلاس اور ملاقاتوں کا مقصد غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے لیے حکمت عملی طے کرنا تھا۔

قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے خصوصی ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں بھی غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی مسلسل بمباری کے باعث جنوبی شہر رفح میں 15 لاکھ فلسطینی پناہ لینے پر مجبور ہیں اور اب اسرائیل رفح شہر میں بھی بڑی فوجی کارروائی کرنا چاہتا ہے۔

امریکا سمیت دیگر مغربی ممالک نے اسرائیل کے اتحادی ممالک ہونے کے باوجود رفح پر فوجی آپریشن کی شدید مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پناہ گزینوں کی محفوظ مقام پر بحفاظت منتقلی سے قبل اسرائیل کسی بھی کارروائی سے باز رہے ورنہ معصوم جانوں کے بے پناہ نقصان کا خدشہ ہے۔

تاہم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا اور مغربی ممالک کے اس مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے رفح میں خوراک کی تقسیم کے مراکز تک کو نشانہ بنایا جس میں درجن سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں