0

آنکھوں میں کالا موتیا کا خطرہ کیسے کم کیا جائے؟

کالا موتیا آنکھوں کا وہ خطرناک مرض ہے جس میں مبتلا ہونے کے بعد انسان رفتہ رفتہ بینائی سے محروم ہوجاتا ہے۔ ہر سال 12 مارچ کو کالا موتیا کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے ماہرین امراض چشم نے عوام الناس کے لیے آنکھوں کی صحت اور کالا موتیا کا خطرہ کم سے کم کرنے کے لیے کچھ سفارشات کی ہیں جن پر عمل کر کے آپ اپنی آنکھوں کی صحت کا خیال رکھ سکتے ہیں:

باقاعدگی سے معائنہ:

آنکھوں کا باقاعدگی سے معائنہ بہت ضروری ہے، اس سے سیاہ موتیے کی تشخیص ابتدائی مرحلے ہی میں ہوجاتی ہے اور پھر اسی مناسبت سے علاج بھی شروع کیا جاسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ہر دو سال کے بعد آنکھوں کا تفصیلی طبی معائنہ کرایا جانا چاہیے۔

فیملی ہسٹری کا معلوم ہونا:

یہ معلوم ہونا چاہیے کہ آیا سیاہ موتیے کا مرض خاندان میں پہلے کسی کو لاحق تو نہیں رہا، اسی طرح قریبی رشتے داروں سے بھی یہی معلومات لی جائیں تاکہ موروثی طور پر اس مرض کے خطرے سے آگاہ ہوا جاسکے، اور پھر یہ معلومات اپنے ڈاکٹر کو ضرور بتائیں۔

بلڈ پریشر کی صحت بخش سطح برقرار رکھنا:

آنکھوں کی صحت کے لیے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ ہائپرٹینشن سے کالا موتیا کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، چنانچہ صحت بخش خوراک لیں ، باقاعدگی سے ورزش کریں اور اگر ڈاکٹر نے کوئی دوا تجویز کی ہے تو اس کا باقاعدہ استعمال کریں۔

ورزش:

ورزش سے خون کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے، جس سے بصری اعصاب کو تقویت ملتی ہے اور کالا موتیا کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔ لہٰذا ہلکی ومعتدل ورزش باقاعدگی سےکریں جیسے سائیکل چلانا یا واک کرنا۔

صحت بخش خوراک:

آنکھوں کی صحت کے لیے پھلوں اور سبزیوں میں پائے جانے والے وٹامن اور معدنیات بہت ضروری ہوتے ہیں۔ اس لیے خوراک میں سبزیوں کے ساتھ پھل بھی شامل ہونے چاہیئں۔

آنکھوں کو انجری سے بچانا:

آنکھ کی انجری یا چوٹ لگنے سے کالا موتیا کا خطرہ ہوسکتا ہے لہٰذا کھیل کود اور ایسی سرگرمیوں کے دوران جن میں آنکھ کی انجری کا خدشہ ہو، سیفٹی گلاسز کا استعمال کریں۔

کیفین کا استعمال گھٹا دیں:

کیفین کے بہت زیادہ استعمال سے آنکھ کا اندورنی دباؤ بڑھ سکتا ہے جس سے سیاہ موتیا لاحق ہونے کے خطرے میں اضافہ ہوسکتا ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ چائے، کافی اور انرجی ڈرنکس کی صورت میں کیفین کا استعمال اعتدال کے ساتھ کیا جائے۔

تمباکو نوشی سے پرہیز:

تحقیق میں سگریٹ نوشی کا کالا موتیا کے ساتھ تعلق پایا گیا ہے، چناچہ اس مرض سے محفوظ رہنے کے لیے تمباکو نوشی سے پرہیز کرنا چاہیے۔

ذیابیطس کو کنٹرول میں رکھنا:

ذیابیطس کو کالا موتیا کے خطرے کا باعث کہا جاتا ہے، چنانچہ ذیابیطس کو کنٹرول میں رکھنا ضروری ہے۔ باقاعدگی سے شوگرچیک کرتے رہیں، صحت بخش غذا استعمال کریں، ڈاکٹرکی تفویض کردہ دوائیں بروقت لیں اوراپنے معالج کے مشوروں اور ہدایات پر عمل کریں۔

وزن کو کنٹرول میں رکھنا:

مٹاپے کا شکار افراد میں کالا موتیا کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، لہٰذا ورزش اور موزوں غذا کے استعمال کے ذریعے وزن کو کنٹرول میں رکھنا ضروری ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں