اسلام آباد: پارٹی رہنما طیبہ راجہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے صنم جاوید کا نام سینیٹ میں امیدوار کے لیے نامزد ہونے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی طیبہ راجہ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر صنم جاوید پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک کو اونچا دکھانے کے لیے ضروری نہیں کہ باقی سب کی قربانیوں کو پس پشت ڈال دیا جائے۔
طیبہ راجہ نے کہا کہ صنم جاوید کی ضمانت بار بار انسداد دہشت گردی کی عدالت سے کیسے ہو جاتی ہے؟ صنم جاوید 8 بار گرفتار اس لیے ہوئی کیونکہ 7 بار ان کی ضمانت ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالیہ حمزہ اورطیبہ راجہ کی ضمانت لاہور ہائیکورٹ سے 9 ماہ بعد 15 بار بینچ ٹوٹنے کے بعد ہوئی، تب بار بار اے ٹی سی سے کسی ایک کی ضمانت کیسے ہو جاتی ہے؟ یہ ایک بڑا سوال ہے۔
طیبہ راجہ نے کہا کہ کسی عورت کی میڈیا کوریج نہیں ہو سکتی تھی اس وقت ایک ہی انسان کی ہیڈ لائنز تک چلنے کی اجازت کیسے تھی؟ ہم سب صرف عمران خان کی واپسی تک خاموش ہیں، تھوڑا صبر کریں سب بولیں گے۔