راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر سے بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اُن کی بہنوں کا حق اور یہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی بینج کا حکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمجھ سے باہر ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے بہنوں کی ملاقات کیوں نہیں کروائی جارہی اور اس میں مسئلہ کیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پولیس نے گرفتار نہیں حراست میں لینے کا کہا مگر یہ عمل غیر آئینی اور غیر قانونی ہے کیونکہ عدالتی حکم موجود ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ دو بار سے بہنوں کی عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی جارہی جس پر انہوں نے آج دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا، جس طرح بشریٰ بی بی کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت دی گئی ویسے عمران خان کے اہل خانہ کو بھی ملنے دیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ علیمہ خان نے واضح کیا ہے کہ جب تک بھائی سے ملاقات نہیں کروائی جائے گی وہ جیل کے باہر رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان یا ساتھیوں نے پولیس پر کوئی پتھراؤ نہیں کیا، نہ ہی پی ٹی آئی نے دھرنے کی کوئی کال دی تھی، ہم صرف عمران خان کی بہنوں سے حمایت کیلیے آئے تھے۔