0

اننت امبانی کی شادی، شاہ رخ کا اہلیہ گوری خان کیساتھ ڈانس وائرل

گجرات: ایشیا کے امیر ترین شخص بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا اپنی اہلیہ گوری خان کے ساتھ ڈانس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور ہونے والی بہو رادھیکا مرچنٹ کی ‘پری ویڈنگ’ تقریبات کا اختتام ہوگیا ہے جس میں دنیا بھر کی چند بااثر شخصیات اور نامور بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی تھی۔

اننت امبانی کی شوبز ستاروں کی چمک دھمک سے سجی شادی کی تقریبات میں جہاں عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ریانا نے پرفارم کیا تو وہیں ‘کنگ آف رومانس’ یعنی شاہ رخ خان نے بھی اہلیہ کے ساتھ ڈانس کرکے تقریبات کو چار چاند لگائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی ‘پری ویڈنگ’ تقریبات کے آخری روز اپنی سُپر ہٹ فلم ‘ویر زارا’ کے گانے ‘میں یہاں ہوں’ پر اپنی اہلیہ گوری خان کے ساتھ پرفارم کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاں ایک طرف بھارت کے معروف گلوکار اُدت نارائن اور پریتم اسٹیج پر لائیو پرفارمنس کے دوران گانا ‘میں یہاں ہوں’ گا رہے ہیں تو وہیں دوسری طرف رومانوی کنگ شاہ رخ خان اپنی اہلیہ کے ساتھ اس گانے پر ڈانس کررہے ہیں۔

شاہ رخ خان اور گوری خان کے ڈانس کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے، مداحوں کا کہنا ہے کہ کنگ خان اس تقریب کی جان تھے۔

واضح رہے کہ 28 سالہ اننت امبانی رواں سال جولائی میں رادھیکا مرچنٹ سے شادی کریں گے، اس جوڑی کی ‘پری ویڈنگ’ تقریبات میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ، امریکی گلوکارہ ریانا، مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس، الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی، بلیک راک کے شریک بانی لیری فنک، آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم کیون رڈ اور ایوانکا ٹرمپ، کینیڈا کے سابق وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر، کرکٹرز مہندر سنگھ دھونی اور ڈوین براوو نے بطورِ مہمان شرکت کی تھی۔

ان کے علاوہ شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان، بچن فیملی، کپور خاندان، کترینہ کیف، رجنی کانت، رانی مکھرجی، بھارتی میوزک اسٹارز سمیت دیگر معروف بھارتی شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں