ایک تازہ ترین تحقیق میں بتایا گیا ہے ایک مخصوص قسم کے پنیر کا استعمال یاد داشت میں بہتری لا سکتا ہے۔
نیورو سائنس ریسرچ میں شائع ہونے والی تحقیق میں کیممبرٹ پنیر میں موجود دماغی صحت کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ پنیر کے خمیر ہونے کے عمل کے دوران بننے والے فیٹی ایسڈ ایمائڈز (جیسے کہ میرسٹامائڈز) نے ان چوہوں کی یاد داشت اور سمجھنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جن کو بھرپور چکنائی والی غذا کھلائی گئی تھی۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کیممبرٹ پنیر ممکنہ طور پر دماغی صحت کے لیے غذائی فوائد رکھتا ہے۔
اس پنیر کے خمیر ہونے کا عمل اس میں فیٹی ایسڈ ایمائڈز بناتا ہے جو غیر خمیر شدہ یا مختلف طریقے سے خمیر کیے گئے پنیروں میں بمشکل ہی ملتے ہیں۔ان مرکبات کو ان کے دماغی صحت کو بہتر بنانے کی صلاحیت کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔
کیممبرٹ پنیر اور اس کے فیٹی ایسڈ ایمائڈز کے دماغی صحت کے فوائد کو جاننے کے لیے محققین نے نر چوہوں پر تجربات کیے۔
ان چوہوں کو مختلف گروہوں میں تقسیم کیا اور ان چوہوں کو یا تو صرف چکنائی سے بھرپور غذا کھلائی یا پھر کیممبرٹ پنیر یا پنیر سے اخذ شدہ مخصوص فیٹی ایسڈ ایمائڈز کے ساتھ کھلائی۔
بعد ازاں مخصوص ٹیسٹ میں معلوم ہوا کہ جن چوہوں کو کیممبرٹ پنیر اور میرسٹامائڈز کھلائے گئے تھے ان کی یاد داشت میں بہتری آئی تھی۔