دورہ جنوبی افریقا اور آسٹریلیا میں اپنی شاندار پرفارمنس سے دھاک بٹھانے والے نوجوان اوپنر صائم ایوب کا بھارت میں منعقدہ انڈر 15 کرکٹ ٹورنامنٹ میں جیت کے بعد دیا گیا پہلا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
صائم ایوب نے انڈر-15 کرکٹ کیرئیر کے ابتدائی دنوں میں جیت کے بعد ایک نجی TV کے مارننگ شو میں ٹیم کے ہمراہ شرکت کی تھی۔
بھارت میں شیڈول انڈر 15 ٹورنامنٹ میں بحرین اور پاکستان کے علاوہ ہندوستان کی 10 ریاستوں کی ٹیمیں شامل تھیں۔ چنئی میں منعقدہ اس ایونٹ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو شکست دے کر فتح حاصل کی تھی۔
صائم ایوب نے پورے ٹورنامنٹ میں ایک اہم کردار ادا کیا، انہوں نے پانچ میچوں میں 250 رنز بنائے، جس میں 80 کا ٹاپ اسکور بھی شامل تھا۔
اس ٹیم میں صائم ایوب کے علاوہ نوجوان کرکٹر خواجہ نافع بھی موجود تھے جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی۔
انٹرویو کے دوران میزبان جویریہ سعود نے ان نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی تھی جبکہ شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار اعزاز اسلم نے پیشگوئی کی تھی کہ “ان میں سے بہت سے پلئیرز پاکستان کیلئے کھیلیں گے اور مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔