0

ایم این ایز کو بمعہ اہل و عیال بلیو پاسپورٹ ملے گا

اسلام آباد: پاکستان کی 16ویں منتخب قومی اسمبلی کے اراکین کی سہولت وآگاہی کیلیے پارلیمنٹ ہاؤس میں سہولت سینٹرقائم کر دیا گیا جب کہ نئے منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی کی آمد کاسلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں جیتنے والے اراکین قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کا رخ کر لیا ہے جہاں انھوں نے اپنے اسمبلی کارڈز اور دیگرمراعات حاصل کرنے کیلیے اپنے کوائف لکھوانا شروع کردیے ہیں۔

نئے اراکین اسمبلی کو خوش آمدید کہنے کیلیے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کی جانب سے خیرمقدمی بینرز بھی لگائے گئے ہیں اور ان نئے اراکین کی سہولت کیلیے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبردو میں ون ونڈ سہولت سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے، جہاں اراکین کی تصاویر بنائی جارہی ہیں، انہیں قومی اسمبلی کے قواعدوضوابط سے متعلق ایک کتابچہ دیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ ان نئے ارکان کو بتایاجارہاہے کہ بطوررکن قومی اسمبلی انہیں ان کے شریک حیات،والدین اور 28سال سے کم عمرغیرشادی شدہ بچوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کیا جائے گا جس پر وہ دنیاکے 46 ممالک میں بغیر ویزہ سفرکرسکتے ہیں لیکن بلیو پاسپورٹ انہیں حلف اٹھانے کے بعد ملیں گے، اس کے علاوہ ان کاؤنٹرز پر اراکین اسمبلی سے ان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات لی جارہی ہیں جن میں ان کی تنخواہ اور دیگر مراعات انہیں دیٔے جائیں گے۔

پارلیمنڑی فورم ڈیسک پر انہیں پوچھا جاتا ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود چار مختلف فورمز ہیں ان میں سے وہ کس فورم میں شامل ہونا چاہیں گے یہ فورمز خواتین کے حقوق، بچوں کے حقوق، نوجوانوں کی فلاح وبہبوداور ایس ڈی جیزپر مشتمل ہیں۔

اس ون ونڈوسہولت سنٹرمیں انٹرنیشنل ریلیشنزکا ڈیسک بھی بنایاگیا ہے جہاں نئے مہمانوں سے ان کے کوائف لیے جا رہے ہیں، سیاسی وابستگی، تعلیم اورغیرملکی سفرکے بارے تفصیلات درج کی جارہی ہیں، سہولت سنٹرآج اتوارکو بھی کھلارہے گا جو اسمبلی اجلاس والے دن تک قائم رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں