0

برازیل میں G20 سربراہی اجلاس؛ غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی کی اپیل

برازیل کے دارالحکومت میں دنیا کی بڑی معیشت کے حامل 20 ممالک کی تنظیم جی-20 کے سربراہی اجلاس کا آج دوسرا اور آخری روز ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس میں جاپان کے وزیراعظم اِشیبا شِگیرُو، امریکی صدر جوبائیڈن اور چینی صدر شی جنپنگ سمیت تمام رکن ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔

جی-20 سربراہی اجلاس میں رہنماؤں نے دنیا بھر میں بھوک اور غربت سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں رہنماؤں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ہونے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر زور دیا گیا۔

اجلاس کے پہلے روز کے اختتام پر جاری مشترکہ بیان میں غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا غزہ اور لبنان میں جنگ بندی میں معاونت کرے تاکہ یرغمالیوں کی رہائی اور بے گھر افراد کی گھروں کی واپسی ممکن ہوسکے۔

جی 20 اجلاس کے پہلے روز رہنماؤں نے روس اور یوکرین جنگ کے جلد از جلد خاتمے کی خواہش کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ اس اجلاس میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن شریک نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں