0

آصف زرداری پر قتل کی سازش کا الزام؛ شیخ رشید کی بریت پر فیصلہ محفوظ

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے کے کیس میں شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سول جج یاسر محمود نے صدر آصف علی زرداری سے متعلق الزامات پر شیخ رشید کیخلاف درج مقدمے میں بریت کی درخواست پر سماعت کی۔

شیخ رشید احمد اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور وکلا نے دلائل دیے کہ شیخ رشید احمد پر درج ایف آئی آر میں قوانین کو فالو نہیں کیا گیا۔

وکلاء نے شیخ رشید احمد کو مقدمے سے بری کرنے کی استدعا کی اور شہباز گل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید احمد پر تو پرائیویٹ شخص کیخلاف بات کا الزام ہے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کا الزام لگایا تھا جس پر 2 فروری کو انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ ان کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں