0

خالد انعم نے مریم نواز کے اسموگ پر دیے بیان کو ’تکبر‘ اور ’بےحسی‘ قرار دے دیا

پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی صوبے کے مسائل خصوصاً اسموگ کے حوالے سے لندن میں بیٹھ کر بیانات دینے پر سینئر اداکار خالد انعم نے ان پر سخت تنقید کی ہے۔

خالد انعم نے انسٹاگرام پر مریم نواز کی پنجاب میں اسموگ کے حوالے سے گفتگو شیئر کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور پوسٹ میں لکھا کہ ’لندن کی ایون فیلڈ میں بیٹھی ہوئی مریم نواز کا اپنے مہنگے لباس، مائیکروبلیڈڈ آئی برو، کرسچن ڈیور کے چشمے، بربیری اسکارف اور کینیڈا گوز کے فر کوٹ کے ساتھ پنجاب میں اسموگ کے خاتمے پر گفتگو کرنا حد درجہ تکبر اور بےحسی کا مظاہرہ ہے۔

اداکار اس سے قبل بھی مریم نواز سمیت دیگر ن لیگی رہنماؤں پر تنقید کرتے نظر آئے ہیں تاہم اس مرتبہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی خالد انعم کو سپورٹ کیا ہے اور مریم نواز کی آسائشوں پر سوالات اُٹھائے ہیں۔

یاد رہے کہ پنجاب اس وقت ماحولیاتی تباہی کا سامنا کر رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کے والد مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف لندن میں قیام پذیر ہیں۔

دونوں کی واپسی میں مزید تاخیر بتائی گئی تھی تاہم اب ان کی آمد اسی ہفتے متوقع ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ ان کا علاج جاری ہے تاہم ان کی صحت ٹھیک ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سوئٹزرلینڈ میں ایک ہفتے کا قیام کیا جہاں ان کے ساتھ سابق وزیر اعظم نواز شریف، سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور چیف سیکریٹری زاہد اختر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں