0

قومی اسمبلی، سینیٹ کے اجلاس آج، اہم قانون سازی متوقع

اسلام آباد:قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اہم اجلاس آج ہونگے۔ اجلاسوں میں اہم قانون سازی متوقع ہے جس کیلیے حکومت نے تمام اراکین پارلیمنٹ کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں انسداد دہشتگردی ترمیمی بل اور ججز کی تعداد بڑھانے کا بل منظور کرائے جانے کا امکان ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا جس کے مطابق آج ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں عالمی رینکنگ میں پاکستان کی عدلیہ اور رول آف لاء انڈیکس میں تنزلی بارے توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کیا جائیگا۔

پیپلز پارٹی کی سحر کامران عالمی رینکنگ میں رول آف لاء انڈیکس 2024 میں 142 ویں میں سے پاکستان کے 129 واں نمبر ہونے پر ایوان کی توجہ مبذول کروائیں گی جبکہ وزیر قانون ایوان کو عالمی رینکنگ رپورٹ بارے اعتماد میں لینگے۔

وزیر قانون اعظم نذیر سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس بھی قومی اسمبلی میں پیش کرینگے، قومی ایٔر لائن کے جہازوں کے گراؤنڈ ہونے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے میں شامل ہوگا۔

دوسری جانب سینیٹ اجلاس کیلیے 39 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ، جس کے مطابق آج کے اجلاس میں میں3نئے بل ایوان میں پیش کیے جائینگے جبکہ 11 بلوں کی قائمہ کمیٹی کی رپورٹس اور منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

دریں اثنا قومی اسمبلی کے آج اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے، ترجمان قومی اسمبلی نے کہا ہے اجلاس شام 5 بجے کی بجائے سہ پہر 4 بجے ہو گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس بھی آج طلب کرلیا، رہنما ن لیگ بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ غلط تاثر دیا جارہا ہے حکومت اپنے ججزلاناچاہتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں