اسلام آباد (اکتوبر 2024ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقہ کارساز میں پیش آئے واقعے کے متاثرین کے اہلِ خانہ نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطباق شہر قائد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ کی عدالت میں کارساز واقعہ کیس کی سماعت کے موقع پر مرکزی ملزمہ نتاشا دانش اپنے شوہر کے ہمراہ پیش ہوئی، دوران سماعت متاثرین کے اہلِ خانہ نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرایا جس میں اللہ کی رضا کیلئے نتاشا کو معاف کرنے کا ذکر کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ سماعت کے دوران متاثرہ خاندان اور زخمی افراد کے علاوہ ان کے اہلِ خانہ بھی عدالت میں موجود تھے، عدالت نے آئندہ سماعت تک تمام متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی اور بعد ازاں سماعت 31 اکتوبرتک ملتوی کردی گئی۔
بتاتے چلیں کہ کارساز میں تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے شہریوں کو کچلنے کے واقعے کی مرکزی ملزم نتاشا دانش اور جاں بحق ہونے والے 2 افراد کے لواحقین کے درمیان صلح کی خبر گزشہ ماہ سامنے آئی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نتاشا کے اہل خانہ نے آمنہ کے اہل خانہ کو ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بطور دیت ادا کی ہے۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر پیش آیا تھا جہاں تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی عمران عارف اور آمنہ جاں بحق جب کہ 4 افراد زخمی ہوئے تھے، واقعے کے بعد پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا، عینی شاہدین کی جانب سے ملزمہ نتاشا کے بارے میں جیپ چلاتے ہوئے نشہ آور چیز کے زیر اثر ہونے اور حواس میں نہ ہونے کا کہا گیا تھا۔