راولپنڈی(24 اکتوبر 2024ء ) انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کیخلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 267 رنز بنا کر پوویلن لوٹ گئی جس کے بعد پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنا لیے۔
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلش اوپنر نے ٹیم کو 56 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم زیک کرولی 29 اور اوپنر بین ڈکٹ 52 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، مڈل آرڈر بیٹر اولی پوپ 3، جو روٹ اور ہیری بروک 5، 5، کپتان بین اسٹوکس 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
انگلش ٹیم کیلئے 7ویں وکٹ کی شراکت میں گس اٹکنسن اور جیمی اسمتھ نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم اٹکنسن 39 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ بعد ازاں 91 رنز بناکر جیمی اسمتھ بھی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 6، نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلے جارہے 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس ہر مرتبہ آپ کے حق میں نہیں جاتا، ٹاس ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے لیکن ہم اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور تسلسل کے ساتھ پرفارمنس دکھانا چاہتے ہیں۔ انگلینڈ نے اپنی گزشتہ میچ میں شکست کھانے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، فاسٹ باؤلر بریڈن کارس اور میتھیو پوٹس کی جگہ گس ایٹکنسن اور اسپنر ریحان احمد کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے دوسرے میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پاکستان اسکواڈ
شان مسعود (کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود شامل ہیں۔
انگلینڈ اسکواڈ
بین اسٹوکس(کپتان)، زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ، گس ایٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، ابتدائی دونوں میچز ملتان میں کھیلے گئے تھے، پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دی تھی۔