لندن: برطانیہ سے پولینڈ ایک پرواز کی ایئرہوسٹس نے طیارے کے قریب آسمان میں پرواز کرتی ایک ایسی چیز کی ویڈیو بنا لی کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔ میل آن لائن کے مطابق 36سالہ ڈنیزا ٹیناسی نامی یہ ایئرہوسٹس برطانوی فضائی کمپنی ایئر وِز سے وابستہ ہے۔
گزشتہ دنوں وہ برطانیہ کے لوٹن ایئرپورٹ سے پولینڈ جانے والی پرواز میں سوار تھی۔ اس نے رات کے وقت نیچے شہر کی چمکتی روشنیوں کی ویڈیو بنائی۔ 20منٹ بعد اس نے ویڈیو دوبارہ دیکھی تو اسے تاریک آسمان میں گلابی رنگ کی ایک عجیب و غریب چیز بھی پرواز کرتی نظر آ گئی۔ ڈنیزا نے پائلٹ کو یہ ویڈیو دکھائی، جسے دیکھ کر وہ بھی حیران رہ گیا۔
ڈنیزا کا کہنا ہے کہ ”میں ویڈیو بناتے ہوئے مجھے اپنی آنکھوں سے آسمان میں یہ چیز قطعاً نظر نہیں آئی تھی اور نہ ہی میں نے اس وقت فون کی سکرین پر اس چیز کی موجودگی کو نوٹس کیا۔ بعد ازاں ویڈیو میں اسے دیکھ کر میں دم بخود رہ گئی۔میں نے آج تک آسمان میں اس طرح کی کوئی چیز نہیں دیکھی۔ میں سمجھتی ہوں کہ یہ خلائی مخلوق کی اڑن طشتری تھی۔“
ڈنیزا کا کہنا تھا کہ ”میں اب تک خلائی مخلوق کے وجود پر یقین نہیں رکھتی تھی۔ پہلے میں اس طرح کی چیزیں تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھتی تھی تو سمجھتی تھی کہ لوگ فوٹو شاپ اور دیگر ٹولز کے ذریعے جعلی تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہیں لیکن اب اپنی ویڈیو میں یہ چیز دیکھ کر مجھے یقین آ گیا ہے کہ خلائی مخلوق واقعی موجود ہے۔میری فیملی اور میرے دوستوں نے بھی یہ ویڈیو دیکھ کر کہا ہے کہ یقیناً یہ خلائی مخلوق کی اڑن طشتری ہی ہے۔“