اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو خواتین وارڈ میں انتہائی محفوظ سیل میں رکھا گیا ہے ، جیل عملے کو سپرنٹنڈنٹ جیل کی اجازت کے بغیر ان کے سیل میں داخلے کی اجازت نہیں۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق سپیشل جج سینٹرل شارخ ارجمند کی عدالت میں جمع کرائی گئی اڈیالہ جیل انتظامیہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ انتہائی پیشہ ورانہ تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے لیے خاتون میڈیکل افسر بھی تعینات ہے، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے 6 سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم ہر ہفتے طبی معائنہ کرتی ہے ، ان کیلئے ڈاکٹر 24 گھنٹے دستیاب رہتا ہے۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے اسلام آباد سے ماہر ڈاکٹرز بھی قیدیوں کے طبی معائنے کے لیے جیل کا دورہ کرتے ہیں۔